پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں سے متعلق بڑی خبر

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں سے متعلق بڑی خبر

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز کے لیے موجودہ حالات میں کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات نے ٹرانسپورٹ شعبے کو شدید مالی دباؤ کا شکار کر دیا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور غیر ضروری چالان فوری طور پر ختم کیے جائیں، کیونکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو کسی بھی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ ان کے مطابق حکومتی پالیسیوں کے باعث متعدد ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹ شعبے کو فوری ریلیف اور سہولتیں فراہم نہ کی گئیں تو اس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ نظرثانی کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 34 روپے

33 پیسے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 18 سے 20 جولائی تک کے لیے کیا گیا ہے۔

Related Articles