آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہا ہے کہ ادارہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی روزانہ بنیاد پر اشاعت کے نئے نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے اپنے تکنیکی نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے نظام سے متعلق انڈسٹری شراکت داروں کے ساتھ ہونے والے مشاورتی اجلاس میں اوگرا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور پیٹرولیم ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صنعتی نمائندوں نے روزانہ قیمتوں کے نظام کے اقدام کا خیر مقدم کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ایک شفاف فارمولے کے تحت مارکیٹ کی حقیقی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے ذریعے منافع خوری، استحصال اور غیر معمولی مالی فوائد حاصل کرنے کی گنجائش کم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا یہ اہم حصہ ہے، جس کا مقصد حکومتی مداخلت میں کمی لانا اور عوام کو سیاسی مصلحتوں کے باعث قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیٹرولیم سیکٹر میں ڈی ریگولیشن متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ مارکیٹ کو زیادہ مسابقتی اور شفاف بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران اوگرا، او سی اے سی، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مجوزہ نظام سے متعلق اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ روزانہ قیمتوں کے نفاذ کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) صنعت اور اوگرا کی مشاورت سے تیار کیے جا رہے ہیں۔
اوگرا حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ روزانہ قیمتوں کی بروقت اشاعت کے لیے ادارے کا نظام جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور نئے نظام کے نفاذ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، ذخائر کے مؤثر انتظام اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی دستیابی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ روزانہ قیمتوں کے نظام کے نفاذ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو صنعت کے تعاون سے درپیش مسائل کو اتفاق رائے سے حل کرے گی۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کو ہدایت کی کہ صنعت کے ساتھ مزید مشاورت مکمل کرکے تکنیکی امور کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

