نئی گاڑیوں سے متعلق بڑی پالیسی نافذ، پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ

نئی گاڑیوں سے متعلق بڑی پالیسی نافذ، پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ

پنجاب حکومت نے نئی گاڑیوں کی خریداری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لیے ایک نئی پالیسی فوری طور پر نافذ کر دی ہے۔

اس فیصلے کے مطابق اب کسی بھی نئی گاڑی کو سرکاری رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ کے بغیر شوروم سے خریدار کے حوالے نہیں کیا جا سکے گا۔

نئی پالیسی کے تحت گاڑی خریدنے والے شہریوں کو رجسٹریشن کے لیے بعد ازاں ایکسائز دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ رجسٹریشن کا عمل گاڑی کی ڈیلیوری سے پہلے ہی مکمل کر دیا جائے گا،  اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کے پورے نظام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تمام آٹو موبائل کمپنیوں اور مجاز ڈیلرز کو ‘ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم’ کے تحت لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے انہیں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا اختیار حاصل ہوگا ، اس طرح گاڑی کی خریداری اور رجسٹریشن ایک ہی جگہ مکمل ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں :سوزوکی فرونکس نے پاکستانی آٹو مارکیٹ میں دھوم مچا دی

حکام کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں 102 ڈیلرشپس یہ سہولت فراہم کر رہی ہیں اور وہ 2 ہزار روپے سروس فیس کے عوض گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر رہی ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر اس نیٹ ورک کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مجاز ڈیلرز اس نظام کا حصہ بن سکیں۔

حکومت کے مطابق اس نئی پالیسی سے ٹیکسوں کی بروقت وصولی یقینی بنانے، رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت پیدا کرنے اور غیر ضروری تاخیر کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ پالیسی پر عمل درآمد کی سخت نگرانی کی جائے گی، جبکہ اس کی خلاف ورزی کرنے والی ڈیلرشپس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

editor

Related Articles