کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بلااشتعال نشانہ بنانے پر پاکستان سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی متعدد پوزیشنز کو نشانہ بنایا اور دشمن کی توپیں خاموش کرادیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے بعد پاکستانی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جواب دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ فورسز دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔