آزاد کشمیر الیکشن جیت کر عوام کو حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار دلواؤں گا،بلاول بھٹو

آزاد کشمیر  الیکشن جیت کر عوام کو حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار دلواؤں گا،بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے۔ کوٹلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوٹلی کے عوام اور پیپلزپارٹی کا رشتہ صرف سیاسی نہیں بلکہ خاندانی نوعیت کا ہے آزاد کشمیر الیکشن جیت کر عوام کو حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار دلواؤں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھی کوٹلی آتا ہوں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اپنے گھر آیا ہوں۔ کوٹلی کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے اور پارٹی بھی عوام کی خوشی اور غمی میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے انتخابی نمائندے عوام کے خادم ہیں اور پارٹی کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور ان کی خدمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ چھ ماہ سے پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے، جبکہ گزشتہ انتخابات میں بھی عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کامیابی دلائی تھی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اب کوشش ہے کہ آئندہ انتخابات میں اس سے بھی بہتر نتائج حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور کشمیری عوام کا رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے، جو قربانی، وفاداری اور عوامی خدمت کی بنیاد پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر دفاع کے بیان پر بلاول بھٹو برس پڑے، کابینہ سے نکالنے کا مطالبہ

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کی بھرپور وکالت کی ہے اور دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بھرپور اتحاد اور جذبے کے ساتھ ملک ظفر کی کامیابی کے لیے میدان میں نکلیں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مطلوب انقلابی کے بیٹے کو بھی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا موقع ملے، کیونکہ یہ خاندان ہمیشہ عوام اور پارٹی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کے فیصلے کے وقت واضح ہدایات دی تھیں کہ ٹکٹ انہی کارکنوں اور رہنماؤں کو دیے جائیں جو مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے اور عوامی خدمت کو ترجیح دی۔

انہوں نے بینظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں کبھی لندن اور کبھی دیگر مقامات پر رہنا پڑا، لیکن پارٹی کارکنوں نے ساتھ نہیں چھوڑا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے چودھری یاسین کی وفاداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پارٹی اور خاندان کا ساتھ دیا، جبکہ برے وقت میں بہت کم لوگ وفاداری نبھاتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کوٹلی کے عوام نے وفاداری اور بہادری کی مثال قائم کی ہے۔ انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم آزاد کشمیر کی تاریخ کا یہ اہم ترین انتخاب ہے، جس میں عوام کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت سن لے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، جنگ تو پھر جنگ ہی سہی، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے کوٹلی کی تمام نشستوں پر کامیابی چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں کامیابی دلوانا ان کی ذمہ داری ہے اور انہیں گزشتہ انتخابات سے بھی بہتر نتائج کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ بھی کشمیری عوام کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

editor

Related Articles