چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی کو ہی مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے اور انتخابات ملتوی کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں بے بنیاد اور محض افواہیں ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے عوام اور سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کرنا مقصود ہوتی تو اس کا فیصلہ کئی ہفتے قبل کیا جاتا نہ کہ انتخابات سے صرف چند روز پہلے۔ ا نہوں نے کہا کہ اب جبکہ انتخابی عمل اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور پولنگ میں صرف سات دن باقی رہ گئے ہیں اس لیے انتخابات ہر حال میں اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا تمام انتخابی شیڈول برقرار ہے اور کل راولاکوٹ اور پلندری کے علاوہ دیگر علاقوں میں ملازمین کی پولنگ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی پولنگ کے لیے بھی تمام انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں تاکہ انتخابی عمل بلا تعطل جاری رہے۔
غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق آزادکشمیر بھر میں ریٹرننگ افسروں کے دفاتر تک پولنگ کا تمام ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ بیلٹ پیپرز، انتخابی ریکارڈ اور دیگر انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور کوئیک رسپانس فورس بھی مکمل طور پر الرٹ رہے گی تاکہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ انہوں نے امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا مقصد ایسا انتخابی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں ہر ووٹر بلا خوف و خطر اپنا ووٹ ڈال سکے اور انتخابی نتائج عوام کی حقیقی رائے کی مکمل عکاسی کریں۔