فیفا ورلڈ کپ فائنل، صدر ٹرمپ اسٹیڈیم جا کر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے

فیفا ورلڈ کپ فائنل، صدر ٹرمپ اسٹیڈیم جا کر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے، جہاں وہ اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے فیصلہ کن مقابلے کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی پیش کریں گے۔

فائنل مقابلہ نیو جرسی میں کھیلا جائے گا، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ اختتامی تقریب میں شریک ہوں گے،یہ پہلا موقع ہوگا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی فیفا ورلڈ کپ میچ میں اسٹیڈیم جا کر شرکت کریں گے۔

اس سے قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ ورلڈ کپ کے دوران خبروں میں رہے تھے، جب ان سے منسوب کیا گیا کہ انہوں نے فیفا صدر جیانی انفانٹینو سے رابطہ کرکے امریکا کے فارورڈ فولارن بالوگن کے ریڈ کارڈ کو معطل کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد کھیلوں میں شفافیت اور سیاسی اثر و رسوخ کے حوالے سے بحث شروع ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل آج، اے آئی سپر کمپیوٹر نے اسپین کو فیورٹ قرار دے دیا

نیو یارک میں فیفا کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے ورلڈ کپ 2026 کو تاریخ کے کامیاب ترین کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ شاید دنیا کی تاریخ کا سب سے کامیاب اسپورٹس ایونٹ ثابت ہوا ہے، جو ایک غیر معمولی تجربہ ہے،امریکی صدر نے کہا کہ ورلڈ کپ 2026 نے امریکا میں فٹبال کی مقبولیت میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے اور اس کھیل کو ملک میں مزید فروغ ملا ہے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ ان کے 20 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ فٹبال کے بڑے مداح ہیں، خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور ان کے والد وکٹر کناوس بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے ان کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔

editor

Related Articles