ارجنٹینا کو شکست ، اسپین 16 سال بعد دوسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چمپئن بن گیا

ارجنٹینا کو شکست ، اسپین 16 سال بعد دوسری مرتبہ  فٹبال کا عالمی چمپئن بن گیا

اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

امریکا کی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم اسپین نے پورے میچ میں زیادہ جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹینا پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں متعدد مواقع کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دفاعی کھیل غالب رہا اور مقررہ 90 منٹ کے اختتام تک مقابلہ 0-0 سے برابر رہا۔

 یہ بھی پڑھیں :ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کی بے بسی، اسپین نے تاریخ رقم کر دی،مقررہ وقت ختم ، ایکسٹر ٹائم دیدیا گیا

میچ کا فیصلہ کرنے کے لیے اضافی 30 منٹ دیے گئے جہاں اسپین نے حملوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں ٹوریس نے شاندار گول اسکور کرکے اسپین کو 1-0 کی فیصلہ کن برتری دلائی۔

ارجنٹینا نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم اسپین کے مضبوط دفاع اور منظم حکمت عملی کے سامنے وہ کامیاب نہ ہو سکی ۔

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 16 برس بعد دوسری بار فیفا ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجایا جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ فائنل، صدر ٹرمپ اسٹیڈیم جا کر فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے

اسپین کی فتح کے بعد کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور ہزاروں شائقین نے اسٹیڈیم میں بھرپور جشن منایا، جبکہ دنیا بھر میں ہسپانوی مداحوں نے بھی اپنی ٹیم کی تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔

ورلڈ کپ کے اس یادگار فائنل میں اسپین نے نہ صرف شاندار دفاعی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ عالمی فٹبال میں ایک بار پھر اپنی برتری بھی ثابت کر دی۔

editor

Related Articles