فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے خلاف ارجنٹینا کی ٹیم ایک ایسا ریکارڈ اپنے نام کر بیٹھی جسے کوئی بھی ٹیم اپنے ساتھ جوڑنا نہیں چاہے گی۔ لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا 90 منٹ کے کھیل کے دوران گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی اور عالمی کپ کی تاریخ میں یہ ناپسندیدہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
فائنل میں اسپین نے کھیل کے آغاز سے ہی گیند پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور مسلسل جارحانہ حکمت عملی اپنائے رکھی۔ ہسپانوی کھلاڑیوں نے ارجنٹینا کی دفاعی لائن پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا، جس کے باعث ارجنٹائن کے فارورڈز خاطر خواہ مواقع پیدا نہ کر سکے۔
میچ کے اعداد و شمار کے مطابق اسپین نے مقررہ 90 منٹ کے دوران گول کی جانب مجموعی طور پر 15 شاٹس لگائے جن میں سے 9 شاٹس براہِ راست گول کے ہدف پر تھے۔ اس کے برعکس ارجنٹینا کی ٹیم پورے میچ میں ایک بھی شاٹ گول کے ہدف پر نہ لگا سکی۔
یہ بھی پڑھیں :16 سال بعد ورلڈ کپ فائنل میں واپسی، اسپین نے کتنی بار فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا؟
یہ اعداد و شمار فیفا ورلڈ کپ فائنلز کی تاریخ میں ایک منفرد اور ناپسندیدہ ریکارڈ بن گئے کیونکہ اس سے قبل کسی بھی ٹیم نے ورلڈ کپ فائنل کے 90 منٹ میں گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگانے کا ریکارڈ قائم نہیں کیا تھا۔
فٹبال ماہرین کے مطابق اسپین کی منظم دفاعی حکمت عملی، گیند پر غیر معمولی کنٹرول اور مڈفیلڈ میں برتری نے ارجنٹینا کے حملہ آوروں کو مکمل طور پر بے اثر رکھا۔ لیونل میسی سمیت ارجنٹینا کے بڑے کھلاڑی بھی اسپین کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی 5 سال پرانی پیشگوئی وائرل
اس غیر معمولی ریکارڈ نے ارجنٹینا کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں جبکہ اسپین کی دفاعی صلاحیت اور حکمت عملی کو شائقین اور مبصرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں ارجنٹینا کے نام یہ ناپسندیدہ ریکارڈ فٹبال کی تاریخ کا حصہ بن گیا، جسے شائقین طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔

