کولمبیا کے شہر میڈلین نے شہری گرمی سے نمٹنے کے لیے ایک ایسا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا ہے، جسے دنیا بھر میں ماحول دوست شہری ترقی کی ایک مؤثر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2016ء سے 2021ء کے دوران شہر میں تقریباً 8 لاکھ 80 ہزار درخت اور 25 لاکھ جھاڑیاں اور چھوٹے پودے لگائے گئے۔ اس مہم کے نتیجے میں سڑکوں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں کے ساتھ 30 باہم منسلک گرین کوریڈورز قائم کیے گئے، جنہوں نے شہر کے ماحول میں نمایاں بہتری پیدا کی۔
میڈلین کی مقامی حکومت، ریزن ٹو بی چیرفل، ورلڈ اکنامک فورم اور پری وینشوو ویب کی رپورٹس کے مطابق اس منصوبے سے شہر کا اوسط درجہ حرارت تقریباً 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہوا، جبکہ فضائی آلودگی میں بھی واضح کمی دیکھی گئی۔
اس منصوبے نے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے۔ مقامی اور پسماندہ علاقوں کے رہائشیوں کو درختوں اور سبز راہداریوں کی دیکھ بھال کی تربیت دی گئی، جس سے نہ صرف روزگار ملا بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق جہاں پہلے کنکریٹ کی سڑکیں شدید گرمی کا باعث بنتی تھیں، وہاں اب درختوں کی گھنی چھاؤں، ٹھنڈا ماحول اور بہتر فضائی معیار شہریوں، پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے زیادہ خوشگوار ماحول فراہم کر رہا ہے۔
میڈلین کا یہ منصوبہ اس بات کی مثال ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور شہری گرمی جیسے بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر بار مہنگی ٹیکنالوجی ضروری نہیں ہوتی، بلکہ بڑے پیمانے پر شجرکاری بھی ایک مؤثر اور دیرپا حل ثابت ہو سکتی ہے۔