ایرانی وزیر داخلہ صدر کا خصوصی پیغام لیکر آج پاکستان پہنچیں گے

ایرانی وزیر داخلہ صدر کا خصوصی پیغام لیکر آج پاکستان پہنچیں گے

ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کا آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آنے کا امکان ہے جہاں وہ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور دوطرفہ تعاون سرحدی سلامتی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے جبکہ وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ اپنے ساتھ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام بھی لائیں گے جس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پاک ایران تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق اہم نکات شامل ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں حالیہ پیش رفت کے باعث علاقائی سلامتی کے حوالے سے نئی تشویش پیدا ہوئی ہے جس کے تناظر میں پاکستان اور ایران کے درمیان رابطوں کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے جیل میں ملاقات سے متعلق عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان کو خطے میں ایک اہم اور بااعتماد شراکت دار سمجھتا ہے جبکہ اسلام آباد بھی خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے لیے مسلسل کردار ادا کرنے پر زور دیتا رہا ہے۔

ماہرینِ خارجہ امور کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی سکیورٹی تعاون اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ان کے بقول موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی مشاورت نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیے جانے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles