امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک خاتون نے 5 لاکھ ڈالر مالیت کی اسکریچ آف لاٹری جیت کر سب کو حیران کر دیا، جبکہ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا شوہر کی تحقیق اور مشورے کو دیا ہے۔
میری لینڈ لاٹری حکام کے مطابق خاتون اور ان کے شوہر شوقیہ طور پر لاٹری ٹکٹ خریدتے ہیں اور اسے تفریح کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں۔ خاتون نے بتایا کہ اس سے قبل بھی وہ ایک مرتبہ 500 ڈالر کا انعام جیت چکے ہیں، جس پر وہ بے حد خوش ہوئے تھے۔
خاتون کے مطابق جون کے آخر میں خریداری کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ان کے شوہر نے خاص طور پر گفٹ آف گرین نامی اسکریچ آف ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا۔
شوہر نے بتایا کہ انہوں نے میری لینڈ لاٹری کی ویب سائٹ پر مختلف اسکریچ آف گیمز میں باقی رہ جانے والے بڑے انعامات کا جائزہ لیا تھا۔ تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ گفٹ آف گرین گیم میں اب بھی کئی بڑے انعامات باقی ہیں، اسی لیے انہوں نے یہی ٹکٹ خریدنے کی تجویز دی۔
خاتون نے شوہر کے مشورے پر عمل کیا اور خوش قسمتی سے اسی ٹکٹ پر 5 لاکھ ڈالر کا بڑا انعام جیت لیا۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی مثال بن گیا کہ بعض اوقات معلومات پر مبنی فیصلہ بھی خوش قسمتی کا سبب بن سکتا ہے۔