پاکستان کی سینئر اداکارہ حنا دلپذیر نے اپنی ذاتی زندگی، طلاق اور سنگل پیرنٹ ہونے کے تجربے پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے والدین کے لیے اہم پیغام دیا ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں نریمان انصاری کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی 24 سال کی عمر میں طلاق ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ شادی کے خلاف کبھی نہیں تھیں، تاہم ان کی قسمت میں دوسری شادی نہیں لکھی گئی۔
حنا دلپذیر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے گھر اور خاندان ہمیشہ بہت اہم رہے ہیں، لیکن اگر 2 افراد ایک ساتھ خوش نہیں رہ سکتے تو بہتر ہے کہ وہ باہمی احترام کے ساتھ الگ ہو جائیں۔ ان کے مطابق ہر انسان کی زندگی میں روایتی خاندان ہونا ضروری نہیں ہوتا اور ہر کسی کی تقدیر مختلف ہوتی ہے۔
سنگل پیرنٹس کے لیے اپنے پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ خود ترسی کا شکار ہونے کے بجائے زندگی کے حالات کو حوصلے کے ساتھ قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے کسی کو ایک خاص آزمائش دی ہے تو اس پر یقین رکھیں کہ وہ اس مشکل میں بھی آپ کا ساتھ دے گا۔ واضح رہے کہ حنا دلپذیر خود ایک سنگل مدر ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹے کی اکیلے پرورش کی، جو اب شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔