حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے 22 جولائی کو ضلع ملتان میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 22 جولائی کو ضلع ملتان کے تمام ضلعی سرکاری دفاتر سرکاری ادارے اور ضلعی حکومت کے ماتحت دفاتر بند رہیں گے تعطیل کا مقصد حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کے دوران زائرین اور شہریوں کو مذہبی رسومات اور تقریبات میں بھرپور شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عرس کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند ملتان پہنچتے ہیں جہاں حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے مزار پر خصوصی دعاؤں محافلِ ذکر قرآن خوانی اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر سکیورٹی ٹریفک مینجمنٹ صفائی طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عرس کی تقریبات کے دوران مزار کے اطراف خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔
حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ برصغیر کے عظیم صوفی بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے سلسلہ سہروردیہ کی تعلیمات کو فروغ دیا۔ ہر سال ان کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند ملتان کا رخ کرتے ہیں اور ان کی روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 22 جولائی کی مقامی تعطیل بھی اسی مذہبی اور ثقافتی روایت کا حصہ ہے تاکہ شہری اور زائرین عرس کی تقریبات میں بھرپور انداز میں شریک ہو سکیں۔