اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا کردیا گیا قیمتوں میں رد و بدل اگلے 24 گھنٹوں کے لیے کیا گیا ہے ۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہےجس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق 21 جولائی سے کردیا گیا ہے،پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سے کیا گیا ہے جو 21 جولائی رات 12 بجے تک ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نظام روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت اوگرا وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر قیمتوں کا اعلان کرے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔