پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا نے پاکستان میں نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کر دیے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس شراکت داری کے تحت آن لائن مواد کے تحفظ، ڈیجیٹل سیفٹی اور صارفین کے لیے محفوظ آن لائن ماحول کی تشکیل کے حوالے سے دونوں ادارے مل کر کام کریں گے۔
معاہدے کے تحت استعدادِ کار میں اضافے، پالیسی مکالمے، آگاہی مہمات اور نوجوانوں میں ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کا مقصد صارفین کے لیے محفوظ، پراعتماد اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹا کے ساتھ یہ شراکت داری بچوں اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کو مزید مؤثر بنانے، ڈیجیٹل آگاہی بڑھانے اور محفوظ انٹرنیٹ کے استعمال کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔