الیکٹرک گاڑیوں کی معروف کمپنی ٹیسلا نے 2 سے5سال کی عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جس کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
یہ بائیک روایتی بیلنس بائیکس کے مقابلے میں خاصی مہنگی ہے، کیونکہ مارکیٹ میں اسی نوعیت کی زیادہ تر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہیں۔
ٹیسلا کی نئی بیلنس بائیک میں نہ پیڈل ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اسے اپنے پیروں کی مدد سے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
کمپنی کے مطابق بائیک کو ہلکے وزن کے میگنیشیم فریم سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس میں جدید ڈیزائن کے ساتھ نشست کو پانچ مختلف اونچائیوں پر ایڈجسٹ کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نسبتاً زیادہ قیمت کے باوجود یہ بائیک فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی۔ اسی طرح ٹیسلا کی 30 ڈالر مالیت کی ایک ٹی شرٹ بھی مختصر وقت میں فروخت ہو گئی۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ بیلنس بائیک کی نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈرز کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ محدود دستیابی کے باعث صارفین کو جلد آرڈر دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیسلا اس سے قبل بھی بچوں کے لیے سائبر کواڈ اے ٹی وی متعارف کرا چکی ہے، تاہم حفاظتی معیارات سے متعلق خدشات کے باعث اس کی فروخت عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔