پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ سرفراز احمد کے بہنوئی عامر وحید صدیقی انتقال کر گئے ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد کرکٹ حلقوں اہلِ خانہ اور دوست احباب میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عامر وحید صدیقی گزشتہ روز عمان میں انتقال کر گئے جہاں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں نے مرحوم کی مغفرت درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
مرحوم کراچی ریجن کرکٹ کی معروف شخصیت ضیاء صدیقی کے چھوٹے بھائی تھے۔ صدیقی خاندان کا کراچی کی کرکٹ سرگرمیوں اور کھیلوں کے حلقوں سے طویل عرصے سے تعلق رہا ہے جس کے باعث ان کے انتقال پر مختلف کرکٹ شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔
سابق کپتان سرفراز احمد کے اہلِ خانہ سے مختلف سماج سیاسی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
عامر وحید صدیقی کے انتقال پر ان کے عزیز و اقارب دوست احباب اور کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت خوش اخلاق ملنسار اور باوقار شخصیت کے مالک تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ان کی کامل مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔