پاکستانی اداکارہ اور میزبان مایا خان نے طلاق یافتہ خواتین کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی تلخ یادوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے خود کو مسلسل قصوروار ٹھہرانا چھوڑ دیں اور نئی زندگی کا آغاز اعتماد کے ساتھ کریں۔
انسٹاگرام پر 13 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی مایا خان نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے معروف ڈرامے ’’ایک محبت سو افسانے‘‘سے کیا، جبکہ حالیہ برسوں میں ڈرامہ سیریلز ’’مئی ری‘‘ اور ’’کبھی میں کبھی تم‘‘ میں ان کی اداکاری کو بھی ناظرین نے خوب سراہا۔مایا خان اس وقت غیر شادی شدہ ہیں اور ماضی میں ایک ناکام شادی اور طلاق کے تجربے سے گزر چکی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے ان خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا جو ماضی کی غلطیوں پر خود کو مسلسل موردِ الزام ٹھہراتی ہیں اور آگے بڑھنے سے ہچکچاتی ہیں۔
مایا خان نے کہا کہ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ ہر انسان یہ سمجھتا ہے کہ وہ سمجھدار اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایسے میں جب کوئی فیصلہ غلط ثابت ہو جائے تو انسان خود سے سوال کرتا ہے کہ آخر وہ اتنی بڑی غلطی کیسے کر بیٹھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک غلط شخص ہماری زندگی میں آ کر ہمیں کمزور، غیر اہم یا بے وقعت محسوس کرا سکتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم واقعی ایسے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بظاہر مضبوط نظر آنے والی خواتین بھی اندر سے ٹوٹ سکتی ہیں، تاہم ایک غلط فیصلہ انسان کو قیمتی تجربہ، نئی سوچ اور بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیت دے جاتا ہے۔
مایا خان نے طلاق یافتہ خواتین کو مشورہ دیا کہ خود کو سزا دینا بند کریں، ماضی سے سبق سیکھیں اور انہی تجربات کی بنیاد پر اپنی زندگی کے اگلے باب کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور بہتر انداز میں تعمیر کریں۔