چکن، بیف اور مٹن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر

چکن، بیف اور مٹن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، گوشت عام آدمی کی پہنچ سے باہر

لاہور میں مہنگائی کی مسلسل لہر نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جہاں چکن، بیف اور مٹن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گوشت کو غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روزمرہ اشیائے ضروریہ کے بعد اب گوشت کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں برائلر چکن 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ بیف کی قیمت 1500 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں مٹن 3200 سے 3500 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کے لیے معیاری گوشت خریدنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی مہنگائی نے ان کی قوتِ خرید بری طرح متاثر کر دی ہے ، ان کے مطابق پہلے مٹن اور بیف عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوئے، لیکن اب برائلر چکن بھی مہنگا ہونے کے باعث سفید پوش اور کم آمدن والے خاندانوں کے لیے خریدنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی سے پریشان عوام کیلئےایک اور جھٹکا ، روٹی اور نان کی قیمت میں اضافہ

متعدد شہریوں نے شکایت کی کہ روزمرہ استعمال کی بیشتر اشیاء پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، جبکہ گوشت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے گھریلو اخراجات میں مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ چکن، بیف اور مٹن کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی کو مؤثر بنائیں گے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاکہ گوشت کی قیمتیں عام شہری کی استطاعت کے مطابق لائی جا سکیں۔

editor

Related Articles