حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین اور سول پنشنرز کے لیے اہم مالی فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے بیسک پے اسکیلز 2026 اور پنشن میں اضافے کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں فیصلوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا جبکہ تمام متعلقہ محکموں، ٹریژریز اور اکاؤنٹس دفاتر کو فوری عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے تمام موجودہ سرکاری ملازمین کو بیسک پے اسکیلز 2022 سے منتقل کرکے بیسک پے اسکیلز 2026 میں شامل کیا جائے گا۔
ملازمین کی بنیادی تنخواہ نئے پے اسکیلز کے مطابق ازسرِ نو مقرر ہوگی تاہم ہر ملازم اپنی موجودہ اسٹیج (Stage) کے مطابق نئے اسکیل میں منتقل ہوگا۔ سالانہ انکریمنٹ کا نظام بھی برقرار رکھا گیا ہے اور ملازمین کو حسب سابق ہر سال یکم دسمبر کو سالانہ اضافہ ملے گا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق نئے پے اسکیلز میں گزشتہ برسوں کے مختلف ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بنیادی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا۔
اس اقدام سے نہ صرف موجودہ تنخواہوں میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل میں ترقی سالانہ انکریمنٹ پنشن گریجویٹی اور دیگر مالی مراعات کا تعین بھی نئے بنیادی اسکیلز کی بنیاد پر ہوگا۔
نئے نظام کا اطلاق گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک تمام مستقل اور اہل سرکاری ملازمین پر ہوگا جبکہ مختلف محکمے اپنے ملازمین کی تنخواہوں کا ازسرنو تعین محکمہ خزانہ کی جاری کردہ پے اسکیل ٹیبل کے مطابق کریں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے یکم جولائی 2026 سے قبل ریٹائر ہونے والے سول پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ بھی منظور کر لیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ صرف نیٹ پنشن پر دیا جائے گا اور میڈیکل الاؤنس اس میں شامل نہیں ہوگا۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین اس 3.5 فیصد اضافے کے اہل نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی پنشن کا تعین نئے قواعد اور نئے پے اسکیلز کے تحت کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنشن میں کیا جانے والا یہ اضافہ فیملی پنشن اور دیگر متعلقہ پنشن کیٹیگریز پر بھی مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق لاگو ہوگا۔ تمام اکاؤنٹنٹ جنرل دفاتر ضلعی اکاؤنٹس دفاتر، ٹریژریز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جولائی 2026 کی ادائیگیوں سے ہی نئے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق نئے پے اسکیلز کے نفاذ سے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا جس کے باعث مستقبل میں پنشن گریجویٹی اور دیگر سروس بینیفٹس بھی بہتر ہوں گے تاہم اس اقدام سے حکومت پنجاب کے سالانہ تنخواہوں اور پنشن کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
سرکاری ملازمین کی مختلف تنظیموں نے حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پے اسکیلز ملازمین کے لیے مثبت پیش رفت ہیں.