بلوچستان کے علاقے کولپور کے قریب اسپلنجی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کالعدم بی ایل اے کے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے 2 جوان شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل کرنے کے بعد فرار ہونے والے عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔