محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہےموسلادھار بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے، راستے بند ہونے اور سفر میں مشکلات کا خدشہ ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ، کئی علاقوں کے لیے الرٹ
موسمیاتی الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے شہریوں کو برساتی ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بڑے شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے،انتظامیہ کو ممکنہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آندھی، بجلی گرنے اور کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ
موسلادھار بارشوں کے ساتھ تیز ہواؤں، آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شدید موسم کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے،شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، کھلے مقامات پر غیر ضروری قیام سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔