ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی نئی اے آئی اسمارٹ گلاسز کی پہلی جھلک پیش کر دی ہے، جن میں گوگل کا جدید آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ ایکس آراور طاقتورماڈل جیمنی شامل کیا گیا ہے۔
سام سنگ، گوگل اور کوالکوم کے اشتراک سے تیار کیے گئے یہ اسمارٹ گلاسز گزشتہ کئی ماہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے، تاہم اب کمپنی نے باضابطہ طور پر ان کی جھلک صارفین کے سامنے پیش کر دی ہے۔
یہ اسمارٹ گلاسز خاص طور پر ایکسٹینڈڈ رئیلٹی (ایکس آر) ڈیوائسز کے لیے تیار کیے گئے گوگل کے نئے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ ایکس آر پر کام کرتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کو حقیقی اور ڈیجیٹل دنیا کا ملا جلا تجربہ حاصل ہوگا، جبکہ آگمینٹڈ رئیلٹی (اے آر) پہلے سے زیادہ ہموار انداز میں استعمال کی جا سکے گی۔
گلاسز میں گوگل کا اے آئی ماڈل جیمنی بھی شامل کیا گیا ہے، جو وائس کمانڈز کے ذریعے مختلف فیچرز کو کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ نظام ریئل ٹائم میں اشیا کی شناخت، لائیو ترجمہ، نیویگیشن اور دیگر روزمرہ امور میں ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر کام کرے گا۔
سام سنگ کے مطابق نئے اسمارٹ گلاسز گلیکسی اسمارٹ فونز اور دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے ساتھ آسانی سے منسلک کیے جا سکیں گے۔ صارفین فون کے نوٹیفکیشنز، میسجز اور نیویگیشن کی معلومات براہ راست گلاسز کے لینز پر دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ماضی کے بھاری وی آر ہیڈ سیٹس کے برعکس ان گلاسز کو عام چشمے کی طرز پر ہلکا اور آرام دہ ڈیزائن دیا گیا ہے، تاکہ صارفین انہیں طویل وقت تک باآسانی استعمال کر سکیں۔ سام سنگ نے فی الحال ان اسمارٹ گلاسز کی قیمت، دستیابی اور باقاعدہ لانچ کی تاریخ سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔