پہلی بار پاکستان کے بہترین فری لانسرز کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا

پہلی بار پاکستان کے بہترین فری لانسرز کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے پہلی بار ملک کے نمایاں فری لانسرز کو اعزاز دینے کے لیے ٹاپ فری لانسر ایوارڈ متعارف کرا دیا ہے، جو پی ایس ای بی آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈز 2026 کا حصہ ہوگا۔

پی ایس ای بی کے مطابق مالی سال 2025،26 کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی مجموعی 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ برآمدات میں 1.1 ارب ڈالر سے زائد کا حصہ ڈالا۔ نئے ایوارڈ کا مقصد ڈیجیٹل معیشت اور برآمدی آمدن میں فری لانسرز کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :میٹا کا فیس بک صارفین کے لیے مفت ویریفائیڈ ٹک پروگرام متعارف

پی ایس ای بی نے رجسٹرڈ فری لانسرز کو ایوارڈ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی دعوت دی ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ انہوں نے جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران باضابطہ بینکاری نظام کے ذریعے برآمدی رقوم وصول کی ہوں اور متعلقہ ایکسپورٹ کوڈز کے تحت پروسیڈز ریئلائزیشن سرٹیفکیٹس  بھی موجود ہوں۔ درخواست کے ساتھ فراہم کردہ معلومات اور دستاویزات کی درستگی سے متعلق تحریری یقین دہانی بھی جمع کرانا ہوگی۔

پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی معیشت میں فری لانسرز کے کردار کو تسلیم کیا جائے گا اور مزید نوجوانوں کو اپنی مہارتیں بہتر بنانے، بین الاقوامی کلائنٹس حاصل کرنے اور آئی ٹی برآمدات بڑھانے کی ترغیب ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ اکاؤنٹ کو سائبر فراڈ سے کیسے محفوظ رکھیں؟ پی ٹی اے کی اہم ہدایات جاری

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کامیاب فری لانسرز کو اسٹارٹ اپس میں تبدیل ہونے کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں اور انہیں عالمی ٹیکنالوجی نمائشوں اور کاروباری تقریبات میں شرکت کے مواقع دیے جائیں تاکہ پاکستانی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔

ابراہیم امین کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً 30 لاکھ فری لانسرز موجود ہیں، جبکہ آئندہ چند ماہ میں ہزاروں طلبہ بھی ڈیجیٹل ورک فورس کا حصہ بننے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نمایاں فری لانسرز کی حوصلہ افزائی نئی نسل کو ڈیجیٹل معیشت میں کیریئر بنانے کی ترغیب دے گی۔

یہ بھی پڑھیں :سام سنگ نے گوگل جیمنی سے لیس اے آئی اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے

پی ایس ای بی نے نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ اگست 2026 مقرر کی ہے۔ ٹاپ فری لانسر ایوارڈ کے علاوہ پی ایس ای بی آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈز 2026 میں آئی ٹی ایکسپورٹر، اسٹارٹ اپ گروتھ، ویمن لیڈ گروتھ، انٹرنیشنل بزنس کنٹریکٹس، ڈومیسٹک بزنس اور انڈسٹری گروتھ سمیت دیگر شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔

editor

Related Articles