پاکستانی معروف کرکٹر نسیم شاہ نے بڑا معاہدہ کر لیا

پاکستانی معروف کرکٹر نسیم شاہ نے بڑا معاہدہ کر لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ ایک مرتبہ پھر دنیا کی معروف ٹی20 لیگ کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ فرنچائز سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے انہیں 2026 کے سیزن کے لیے اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔

نسیم شاہ اس سے قبل بھی سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنی برق رفتار باؤلنگ مؤثر سوئنگ اور دباؤ کے لمحات میں عمدہ کارکردگی سے ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کو متاثر کیا تھا۔ فرنچائز کی جانب سے دوبارہ ان پر اعتماد کا اظہار ان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ساکھ اور بہترین فارم کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ 2026 میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس اپنی مہم کا آغاز 9 اگست سے کرے گی۔ ٹیم کو امید ہے کہ نسیم شاہ نئی سیزن میں اپنی رفتار جارحانہ انداز اور وکٹیں لینے کی صلاحیت کے ذریعے اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:جن کے نام پر گھر نہیں، ان کیلئے حکومت کا بڑا اعلان، آسان قرض کی منظوری

نسیم شاہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ وہ مختلف بین الاقوامی ٹی20 لیگز میں بھی اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کر چکے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق سی پی ایل جیسے مسابقتی ٹورنامنٹ میں شرکت سے انہیں مختلف کنڈیشنز وکٹوں اور عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا مزید تجربہ حاصل ہوگا جس کا فائدہ مستقبل میں قومی ٹیم کو بھی پہنچے گا۔

دوسری جانب پاکستانی کھلاڑیوں کی مختلف غیر ملکی لیگز میں شرکت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چند روز قبل قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی ایک فرنچائز کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں این او سی بھی جاری کر دیا تھا۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولرز کی عالمی ٹی20 لیگز میں مسلسل بڑھتی ہوئی طلب اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے پیسرز اپنی رفتار مہارت اور میچ وننگ صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر کی فرنچائزز کی اولین ترجیح بن چکے ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles