وزیراعظم شہباز شریف آج شام دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک سعودی تعلقات دوطرفہ تعاون سرمایہ کاری خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال خطے میں امن و استحکام ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت غزہ کی صورتحال اور دیگر علاقائی و عالمی امور بھی زیر غور آئیں گے
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے تجارت توانائی انفراسٹرکچر افرادی قوت اور باہمی اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔