مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بم گرانے کی تیاری ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی صارفین سے اضافی وصولیوں کے لیے نیپرا سے رجوع کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔
دستاویزات کے مطابق لیسکو نے اپریل سے جون کے دوران بجلی کی پیداوار اور فروخت میں فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، نیٹ میٹرنگ صارفین کے نظام پر اثرات، ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر اخراجات کو بنیاد بنا کر اضافی رقم کی درخواست کی ہے۔
لیسکو کا مؤقف ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے، جس سے نظام کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ ضروری ہو جاتی ہے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین کے بجلی استعمال میں 8 فیصد جبکہ کمرشل صارفین کے استعمال میں 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر لیسکو کے نظام میں بجلی کی کھپت تقریباً 4 فیصد کم ہوئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باوجود پیداواری اور دیگر مقررہ اخراجات برقرار رہتے ہیں، جس کے باعث فی یونٹ قیمت میں اضافہ کرنا پڑتا ہے۔