بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے سیٹ سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس کے بعد مداحوں میں فلم کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والی تصویر میں شاہ رخ خان ایک ایکشن سین میں دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ سیاہ لباس میں ملبوس ہیں، ان کے چہرے پر خون کے نشانات نمایاں ہیں جبکہ اردگرد کئی افراد زمین پر گرے ہوئے نظر آتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم کا ایک اہم ایکشن منظر ہو سکتا ہے۔
تاہم فلم کے پروڈیوسرز یا میکرز نے اب تک اس تصویر کی تصدیق یا تردید نہیں کی، جس کے باعث یہ واضح نہیں کہ آیا یہ واقعی فلم ’کنگ‘ کے سیٹ کی تصویر ہے یا نہیں۔
اس سے قبل بھی فلم کے بین الاقوامی شوٹنگ شیڈول سے متعلق متعدد تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آ چکی ہیں، جن میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کو مختلف مقامات پر شوٹنگ کرتے دیکھا گیا تھا۔ تازہ وائرل تصویر نے فلم کے ایکشن انداز کی جھلک پیش کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے کردار کے بارے میں مداحوں کا تجسس مزید بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی صاحبزادی سہانا خان بھی پہلی بار بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔ فلم کی کاسٹ میں ابھیشیک بچن، دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، انیل کپور، ارشد وارثی، جیکی شراف، جیدیپ اہلاوت، ابھے ورما اور راگھو جویل سمیت کئی معروف اداکار شامل ہیں۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔