بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے ڈیجیٹل والٹ سے متعلق اہم ہدایت

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے ڈیجیٹل والٹ سے متعلق اہم ہدایت

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) میں رجسٹرڈ خواتین کے لیے ڈیجیٹل والٹ اور بینظیر سم سے متعلق اہم پیغام جاری کردیا گیا ہے، بی آئی ایس پی نے خواتین کو خبردار کیا ہے کہ بینظیر سم صرف اور صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر سے حاصل کریں اور کسی غیر متعلقہ فرد یا مقام سے سم لینے سے گریز کریں۔

ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق ڈیجیٹل والٹ کے لیے فراہم کی جانے والی بینظیر سم خواتین کو بی آئی ایس پی کے دفاتر سے مفت حاصل کرنی چاہیے،ترجمان نے واضح کیا کہ کسی دوسرے مقام یا غیر متعلقہ ذریعے سے سم حاصل کرنے کی صورت میں خواتین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے مستحق خواتین افواہوں اور غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد نہ کریں۔

افواہوں سے محتاط رہنے کی ہدایت

بی آئی ایس پی نے خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ، غلط معلومات یا بہکاوے میں نہ آئیں، درست معلومات اور رہنمائی کے لیے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کیا جائے،ترجمان کے مطابق خواتین کی حفاظت، سہولت اور شفاف طریقے سے خدمات کی فراہمی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔

سم پہلے نہ لینے والی خواتین

چند روز قبل چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ای کچہری کے دوران بھی مستحق خواتین کو بینظیر سم کے حوالے سے آگاہ کیا تھا،انہوں نے بتایا تھا کہ جن خواتین بینفشریز نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی بینظیر سم مفت حاصل نہیں کی یا کسی اور جگہ سے سم لے رکھی ہے، وہ لازماً اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے بینظیر سم مفت حاصل کریں۔

یہ بھی پڑھیں :بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی

اصل شناختی کارڈ ساتھ لائیں

سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ سم حاصل کرنے کے لیے خواتین اپنا اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لے کر بی آئی ایس پی دفتر جائیںانہوں نے ہدایت کی تھی کہ سم وصول کرتے وقت بی آئی ایس پی کے عملے سے کہیں کہ وہ سم خود ان کے موبائل فون میں نصب کرے، تاکہ کسی غیر متعلقہ شخص کے ذریعے سم کے استعمال یا تنصیب کا خدشہ نہ رہے۔

رقم کی اطلاع

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق جب رقم ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہوگی تو متعلقہ بینک کی جانب سے خاتون کو ایس ایم ایس موصول ہوگا،رقم نکلوانے کے بعد بھی ایک تصدیقی ایس ایم ایس آئے گا جس میں منتقل اور وصول کی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی، یہ ایس ایم ایس ادائیگی کے ثبوت کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا،خواتین اس پیغام کے ذریعے تصدیق کرسکیں گی کہ انہیں ان کے اکاؤنٹ سے مکمل رقم موصول ہوئی ہے یا نہیں۔

موبائل فون کسی کو نہ دیں

سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو خاص طور پر ہدایت کی تھی کہ وہ اپنا موبائل فون کسی بھی صورت ایجنٹ کے حوالے نہ کریں، رقم وصول کرنے کے لیے صرف اصل شناختی کارڈ اور بائیو میٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے، موبائل فون ایجنٹ کے حوالے کرنے کی ضرورت نہیں۔

تمام خدمات مفت

بی آئی ایس پی نے واضح کیا ہے کہ اس کے تمام وظائف، سہولیات اور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں،خواتین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنا موبائل فون اور موبائل نمبر ہمیشہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کوئی دوسرا شخص ان کے پیغامات، ادائیگیوں یا شکایات سے متعلق معلومات کو حذف یا تبدیل نہ کرسکے۔

بی آئی ایس پی نے ایک بار پھر مستحق خواتین پر زور دیا ہے کہ ڈیجیٹل والٹ اور بینظیر سم سے متعلق کسی بھی معلومات کے لیے غیر متعلقہ افراد کے بجائے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں۔

editor

Related Articles