مری میں یوم آزادی کے موقع پر سیاحوں کی متوقع بڑی تعداد کے پیش نظر 10 سے 16 اگست تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے لیے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کے مطابق مال روڈ کی جانب صرف خاندانوں کو جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ غیر خاندانی گروپس کی آمد پر پابندی ہوگی۔ انتظامیہ نے ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، خطرناک ون ویلنگ، موٹر سائیکل اسٹنٹس، آتش بازی اور ایسے دیگر اقدامات پر بھی پابندی عائد کردی ہے جن سے امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یوم آزادی پرامن اور ذمہ دارانہ انداز میں منائیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے دوران انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے پابندیوں پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ چند افراد کی وجہ سے تمام دوستوں یا گروپس کو روکنا مناسب نہیں، بلکہ حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھائی جانی چاہیے۔ تاہم حکام کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر مری میں غیر معمولی رش متوقع ہے، جس کے باعث امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔