لاہور اسلام آباد موٹروے پر مسافر بسوں اور ٹرکوں کی انٹری غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی گئی ہے، جبکہ جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں بھی 14 اگست رات 12 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹروے پر مسافر بسوں اور ٹرکوں کی انٹری فی الحال غیر معینہ مدت کے لیے بند کی گئی ہے،موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بسوں اور ٹرکوں کی موٹروے پر انٹری جلد بحال کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک بند
جشن آزادی کے حوالے سے اسلام آباد میں بھی ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق 14 اگست رات 12 بجے تک ہیوی ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکے گی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق 13 اگست کو یادگارِ فتح، ایچ ایٹ اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوگی، جس کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشن پلان نافذ کیا گیا ہے۔
کورال چوک سے خیابان چوک کی جانب ایکسپریس وے اور فیصل ایونیو دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہیں گے،کورال، روات اور ایکسپریس وے سے اسلام آباد آنے والے شہری کھنہ پل لوپ، لہتراڑ روڈ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک، مری روڈ، سرینا ہوٹل، سہروردی روڈ، جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرسکیں گے،خیابان چوک سے کورال جانے والے شہری جناح ایونیو، نائنتھ ایونیو، ڈبل روڈ، مری روڈ، راول روڈ اور پرانا ایئرپورٹ روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔
فیض آباد کے اطراف پابندی
فیض آباد لوپ، ایکسپریس وے کی جانب فیض آباد لوپ، اوجڑی لوپ اور راول ڈیم سے فیض آباد جانے والے تمام لنک روڈز بھی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے،راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو یا مری روڈ کے راستے راول ڈیم چوک استعمال کرسکتے ہیں،ایکسپریس وے کے ذریعے راولپنڈی سے کورال جانے والے شہری راول روڈ اور پرانا ایئرپورٹ روڈ استعمال کریں گے۔
ایچ ایٹ کے اطراف اہم بندش
گارڈن فلائی اوور آئی ایٹ سائیڈ، فیض احمد فیض روڈ، میر چاکر روڈ، جوڈیشل اکیڈمی اور میر ظفر اللہ روڈ سے یادگارِ فتح ایچ ایٹ کی جانب جانے والی سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے بند ہوں گی۔
آئی ایٹ اور ایچ ایٹ کے رہائشی اسلام آباد آنے جانے کے لیے آئی ایٹ مرکز، نائنتھ ایونیو اور جناح ایونیو استعمال کرسکتے ہیں،راولپنڈی جانے والے شہری نائنتھ ایونیو، آئی جے پی روڈ، ڈبل روڈ اور مری روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔
شکر پڑیاں کے راستے بھی بند
گارڈن شکر پڑیاں سے آئی ایٹ اور فیصل ایونیو کی جانب جانے والا راستہ بھی مکمل طور پر بند رہے گا،اس کے متبادل کے طور پر آئی ایٹ جانے والے شہری سیونتھ ایونیو، جناح ایونیو اور نائنتھ ایونیو استعمال کرسکتے ہیں۔
اسی طرح چاند تارہ ٹی کراس سے شکر پڑیاں، گارڈن ایونیو روڈ بھی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوگا،شہری متبادل راستے کے طور پر سیونتھ ایونیو یا مری روڈ استعمال کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران ٹریفک ڈائیورشن پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔