انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مایوس کن آغاز کیا، جبکہ انگلینڈ نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔
انگلش ٹیم نے میچ کے چاروں کوارٹرز میں پاکستان کے خلاف گول اسکور کیے اور برتری مستحکم کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول افراز نے آخری کوارٹر میں اسکور کیا، تاہم یہ کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔
پاکستان چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن ہے اور 8 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کررہا ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ کی گئی تھیں، تاہم پہلے ہی میچ میں شکست کے باعث پاکستان کو اگلے مقابلوں میں کامیابی کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔
پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کے دیگر حریفوں میں بھارت اور ویلز شامل ہیں۔
ایونٹ میں دفاعی چیمپئن جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کررہا ہے، جبکہ پاکستان کی نظریں گروپ مرحلے کے آئندہ میچز میں کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں واپسی پر مرکوز ہیں۔