ٹویوٹا پاکستان نے حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) کے اشتراک سے صارفین کے لیے گاڑی قسطوں پر خریدنے کی نئی آفر متعارف کرادی ہے، جس کے تحت ٹویوٹا گاڑیوں کی خریداری پر 3 سال کے لیے 11.99 فیصد فکسڈ مارک اپ ریٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
نئی آفر کے تحت اہل صارفین ٹویوٹا کی منتخب گاڑیاں HBL کے ذریعے 3 سال کی مدت میں قسطوں پر خرید سکیں گے، تین سال کے دوران مارک اپ کی شرح 11.99 فیصد فکسڈ رہے گی، جس سے صارفین کو قرض کی مدت کے دوران شرح میں تبدیلی کے خدشے سے تحفظ حاصل ہوگا۔
آفر کے تحت گاڑی خریدنے والے صارفین کے لیے 1.4 فیصد انشورنس ریٹ بھی رکھا گیا ہے، جبکہ اہل صارفین کو گاڑی کی ترجیحی ڈیلیوری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کن گاڑیوں پر آفر ہے؟
ٹویوٹا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس مہم میں کرولا کے 1.3 GLi CVT کے علاوہ تمام ویریئنٹس شامل ہیں،اسی طرح ٹویوٹا یارس کے تمام ویریئنٹس بھی اس آفر کا حصہ ہیں، جبکہ کرولا کراس 1.8 HEV HI بھی اس سہولت کے لیے دستیاب ہے۔
آفر کی ایک اہم سہولت منتخب گاڑیوں کے لیے پہلے سال کی مفت دیکھ بھال ہے،یعنی مذکورہ آفر کے تحت شامل گاڑی خریدنے والے اہل صارفین کو پہلے سال کی مینٹیننس کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے مفت سہولت فراہم کی جائے گی،اس سے نئی گاڑی خریدنے کے بعد ابتدائی عرصے میں دیکھ بھال کے اخراجات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ترجیحی ڈیلیوری بھی شامل
ٹویوٹا اور HBL کی اس مہم میں اہل صارفین کے لیے ترجیحی ڈیلیوری کی سہولت بھی رکھی گئی ہے، تاہم گاڑی کی دستیابی، بکنگ اور ڈیلیوری سے متعلق حتمی تفصیلات صارفین کو متعلقہ ڈیلرشپ سے حاصل کرنا ہوں گی۔
آفر کی آخری تاریخ
ٹویوٹا پاکستان کے مطابق یہ آفر 30 ستمبر 2026 تک دستیاب رہے گی،صارفین کو قسطوں پر گاڑی حاصل کرنے سے پہلے اپنی اہلیت، ابتدائی ادائیگی، ماہانہ قسط، بینک کی شرائط، انشورنس اور دیگر متعلقہ اخراجات کی مکمل تفصیلات ٹویوٹا ڈیلرشپ یا HBL سے معلوم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
نئی آفر ایسے صارفین کے لیے ہے جو ٹویوٹا کی منتخب گاڑی خریدنے کے لیے ایک ساتھ مکمل رقم ادا کرنے کے بجائے بینک کے ذریعے 3 سال کی مدت میں قسطوں کی صورت میں ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔