محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ دو روز کے موسم کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ظاہر کی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
پیر کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، بعدازدوپہر شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد میں مطلع ابرآلود
اسلام آباد اور گردونواح میں پیر کو مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،سوات، کوہستان، بٹگرام، شانگلہ اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں بھی بارش
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بعدازدوپہر ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی
ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، سبی، زیارت، مستونگ، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، خضدار اور بارکھان سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی بارش
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد کے سیدپور میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ گولڑہ اور زیرو پوائنٹ میں 75 ملی میٹر بارش ہوئی۔ راولپنڈی کے شمس آباد اور کٹاریان میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک کا گرم ترین مقام
محکمہ موسمیات کے مطابق تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی، پنجگور، سکھر اور سبی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔