ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے،ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی کے بعد اب چینی کمپنی چیری نے بھی اپنے تمام ہائبرڈ ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
کمپنی نے فوری طور پر مکمل اضافہ صارفین پر منتقل کرنے کے بجائے محدود مدت کی پروموشنل آفر کے تحت جزوی طور پر بڑھی ہوئی قیمتیں متعارف کرائی ہیں۔
چیری کے مطابق ٹِگو 7 پی ایچ ای وی کی سابقہ قیمت 94 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، جسے بڑھا کر پروموشنل قیمت 99 لاکھ 99 ہزار روپے کردیا گیا ہے، جبکہ پروموشنل آفر ختم ہونے کے بعد اس گاڑی کی اصل قیمت 1 کروڑ 9 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگی۔
اسی طرح ٹِگو 8 پی ایچ ای وی کی قیمت 1 کروڑ 12 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر پروموشنل قیمت 1 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ آفر ختم ہونے کے بعد اس کی قیمت 1 کروڑ 29 لاکھ 99 ہزار روپے تک پہنچ جائے گی۔
کمپنی کے فلیگ شپ ماڈل ٹِگو 9 پی ایچ ای وی کی سابقہ قیمت 1 کروڑ 36 لاکھ 94 ہزار روپے تھی، جس کی نئی پروموشنل قیمت 1 کروڑ 42 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی ہے، جبکہ بعد میں اس کی قیمت 1 کروڑ 57 لاکھ 49 ہزار روپے ہوجائے گی۔
چیری کا کہنا ہے کہ نئی پروموشنل قیمتیں محدود مدت کے لیے ہیں اور صارفین 31 جولائی تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ دستیاب اسٹاک تک موجودہ صارفین بھی آفر حاصل کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ کمپنی کی جانب سے قیمتوں کو پروموشنل رعایت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، تاہم اس رعایت کے باوجود تینوں ہائبرڈ گاڑیاں اپنی سابقہ قیمتوں کے مقابلے میں مہنگی ہوگئی ہیں۔