پشاور ہائیکورٹ نے بجلی بل میں تفصیل بتائے بغیر ٹیکسز وصول کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں بجلی کے بل میں مختلف ٹیکسز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نےگزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا۔
عدالت نے درخواست گزارکے بجلی بل میں تفصیل بتائے بغیر ٹیکسز وصول کرنے سے روک دیا جبکہ اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کو یکجا کرکے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق درخواست گزار بجلی کے بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کرتا ہے، اگست کے بجلی بل میں بغیرکسی وضاحت کےغیرضروری ٹیکسز شامل کیےگئے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزارکے مطابق متعلقہ حکام نے انہیں بل کے بارکوڈ کو ڈی کوڈ کرنے کا کہا کہ بارکوڈ کو ڈی کوڈ کرنے پرپتا چلا کہ بجلی بل میں ایکسٹرا ٹیکس اور فردر ٹیکس وصول کیے گئے ہیں، جبکہ اس سے پہلے کبھی بجلی کے بل میں یہ ٹیکسز شامل نہیں کیے گئے تھے۔
عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔