مریم نواز نے شہریوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کردیا

مریم نواز نے شہریوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کردیا

مریم نواز نے گوجرانوالہ کے شہریوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبہ مارچ 2027 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو سفری مشکلات سے جلد نجات دلانے کے لیے منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں دونوں منصوبوں کی تعمیراتی پیش رفت، یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ڈرون فوٹیج کے ذریعے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا۔

مریم نواز شریف نے واضح ہدایت کی کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں بڑھنی چاہیے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور ضرورت پڑنے پر تین شفٹوں میں تعمیراتی کام جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ییلو لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے میں مجموعی طور پر 25 اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے، جن میں دو زیر زمین اسٹیشن بھی شامل ہوں گے۔ منصوبے کے تحت 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس لائن اور مختلف مقامات پر سگنل فری یوٹرنز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر داخلہ نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بریفنگ کے مطابق گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کا تقریباً ایک تہائی کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے جبکہ منصوبے کی راہ میں آنے والی یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔ اب تک 1233 بجلی کے پولز اور 552 ٹرانسفارمرز منتقل کیے جا چکے ہیں۔

منصوبے کے تحت 15 ہزار فٹ سیوریج لائن، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی لائن اور مختلف مقامات پر گیس پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلومیٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

دوسری جانب فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ 20.3 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 11.1 کلومیٹر اوور ہیڈ برج تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 12 بس اسٹاپس بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن کی منتقلی بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبے کے سلسلے میں اب تک 1835 درختوں کی ری پلانٹیشن کی جاچکی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کے دوران ماحولیات کے تحفظ اور درختوں کی حتی الامکان حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین تیار رہیں، آج ہنگامی بجلی کی بندش کا اعلان

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کو تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا مکمل احساس ہے، اسی لیے منصوبوں کو جلد مکمل کرنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے کام کی رفتار بڑھائی جائے اور گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کو مارچ 2027 کی مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی ٹائم لائن کسی صورت آگے نہیں بڑھنی چاہیے۔ حکومت کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل بنیادی اہمیت رکھتی ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles