تین دن میں سونا ہزاروں روپے مہنگا کیوں ہوا؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

تین دن میں سونا ہزاروں روپے مہنگا کیوں ہوا؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

پاکستان میں سونے کی قیمت نے گزشتہ تین کاروباری دنوں کے دوران غیر معمولی تیزی دکھائی ہے اور فی تولہ قیمت میں مجموعی طور پر 15 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے،لیکن سوال یہ ہے کہ سونے کی قیمت میں اچانک اتنی تیزی کیوں آئی اور صرف تین دن میں یہ قیمتی دھات 15 ہزار روپے سے زیادہ مہنگی کیسے ہوگئی؟

پاکستان میں سونے کی قیمت کا براہ راست تعلق عالمی منڈی میں سونے کے بھاؤ سے ہے۔ تازہ کاروباری سرگرمی میں عالمی سطح پر سونا 42 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 646 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی فوری طور پر پڑے۔

ڈالر کی کمزوری نے سہارا دیا

عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر میں کمی بھی سونے کے لیے مثبت ثابت ہوئی ہے، جب ڈالر کمزور ہوتا ہے تو دیگر کرنسیوں میں موجود سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوجاتا ہے، جس سے اس کی طلب بڑھ سکتی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پیر کو عالمی سونا تین ماہ کی بلند ترین سطح تک پہنچا، جبکہ مارکیٹ میں امریکی اقتصادی اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود کی پالیسی سے متعلق توقعات بھی قیمتوں پر اثر انداز ہورہی ہیں۔

امریکی بانڈز بھی اہم وجہ

حالیہ دنوں میں امریکی ٹریژری کی جانب سے طویل مدتی بانڈز کی خریداری سے بانڈ ییلڈز پر دباؤ آیا اور ڈالر بھی کمزور ہوا،اس صورتحال نے سرمایہ کاروں کی توجہ دوبارہ سونے کی طرف مبذول کرائی، کیونکہ سونا ایسے ماحول میں نسبتاً پرکشش محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی منڈی میں سونا سستا، قیمتیں پھر نیچے آ گئیں

عالمی بے یقینی میں اضافہ

دنیا بھر میں معاشی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال بھی سونے کی طلب بڑھانے والی اہم وجوہات میں شامل ہے، ایسے حالات میں سرمایہ کار عموماً خطرناک اثاثوں کے بجائے سونے جیسے محفوظ اثاثوں کی جانب رخ کرتے ہیں۔

پاکستان میں اثر زیادہ کیوں؟

پاکستان سونے کی عالمی قیمتوں سے براہ راست متاثر ہوتا ہے، عالمی قیمت میں اضافہ ہو تو مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ نرخ بڑھ جاتا ہے، جبکہ روپے اور ڈالر کی شرح میں تبدیلی بھی پاکستانی قیمت کو مزید متاثر کرسکتی ہے۔

اسی لیے حالیہ عالمی تیزی نے پاکستان میں بھی سونے کی قیمت کو تیزی سے اوپر پہنچایا ہے، اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمت، ڈالر اور امریکی شرح سود سے متعلق توقعات میں مزید تبدیلی آتی ہے تو پاکستانی مارکیٹ میں بھی اگلے دنوں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles