نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے گریڈ 5 سے 14 تک مختلف عہدوں پر 351 خالی آسامیوں کے لیے بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے۔ امیدواروں سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اعلان کے مطابق خالی آسامیوں میں 64 کانسٹیبل ڈرائیور، 174 کانسٹیبل، 36 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 6 اپر ڈویژن کلرک، 8 اسٹینو ٹائپسٹ، 15 ٹیکنیکل اسسٹنٹ اور 48 سب انسپکٹر کی نشستیں شامل ہیں۔
مختلف عہدوں کے لیے تعلیمی قابلیت اور دیگر اہلیت کی شرائط الگ الگ مقرر کی گئی ہیں۔ بعض پوسٹوں کے لیے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ جبکہ دیگر کے لیے بیچلرز ڈگری، کمپیوٹر یا آئی ٹی سے متعلقہ تعلیم اور مخصوص پیشہ ورانہ قابلیت درکار ہوگی۔ امیدواروں کو درخواست جمع کرانے سے قبل متعلقہ پوسٹ کی مکمل اہلیت اور شرائط کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام آسامیوں کے لیے عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے، تاہم متعلقہ سرکاری قواعد کے تحت عمر میں رعایت کے اہل امیدوار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
جسمانی امتحان بھی لازمی
کانسٹیبل، کانسٹیبل ڈرائیور، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی آسامیوں کے امیدواروں کے لیے مقررہ جسمانی معیار پر پورا اترنے کے ساتھ دوڑ کا امتحان پاس کرنا بھی ضروری ہوگا۔
مرد امیدواروں کو 1.6 کلومیٹر دوڑ 7 منٹ جبکہ خواتین امیدواروں کو یہی فاصلہ 10 منٹ میں مکمل کرنا ہوگا۔
امیدوار اپنی درخواستیں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن ٹیسٹنگ اینڈ اسیسمنٹ سروس کے آن لائن بھرتی پورٹل کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔ ایک سے زائد عہدوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو ہر پوسٹ کے لیے الگ درخواست جمع کرانے کے ساتھ فیس بھی علیحدہ ادا کرنا ہوگی۔
ہر پوسٹ کے لیے درخواست فیس 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 ستمبر 2026 ہے۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے درخواست اور فیس جمع کرانے کا عمل بروقت مکمل کریں تاکہ کسی ممکنہ تکنیکی مسئلے کے باعث درخواست جمع ہونے سے رہ نہ جائے۔