نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور گمراہ کن مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ مواد عوام میں بے چینی، ذہنی کوفت اور انتشار پیدا کرنے کا باعث بن رہا تھا۔
لاہور میں مقدمہ نمبر 115/2026 کے تحت فقیر محمد کو فیصل ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد کر کے تفتیش کے لیے تحویل میں لیا گیا۔ دوسری جانب، ملتان میں مقدمہ نمبر 89/2026 کے تحت محمد مقصود کو گرفتار کیا گیا، اور ان کے قبضے سے ایک موبائل فون اور فیس بک اکاؤنٹ سے متعلق شواہد حاصل کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزمان ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور پوسٹس شیئر کرنے میں ملوث تھے، اور ایسے مواد سے عوام میں بے یقینی اور اضطراب پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔ دونوں مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔
این سی سی آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ سائبر قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی اداروں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال، گمراہ کن مواد کی تشہیر اور عوام میں انتشار پھیلانے کی کوششوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔