اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز سے متعلق 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے گندم، پیٹرولیم، روزویلٹ ہوٹل، کے فور منصوبے اور ریکوڈک کی سکیورٹی سمیت متعدد اہم معاملات کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کی سمری منظور کرتے ہوئے پاسکو کے گندم ذخائر تمام متعلقہ وصول کنندہ اداروں کو فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
منظوری کے تحت گندم کی فراہمی میں 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم شامل ہوگی۔ یہ تجویز پاسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر پیش کی گئی تھی، جس کا مقصد درآمدی گندم کے موجودہ ذخیرے کو بروقت استعمال کرنا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز منظور
ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز بھی منظور کرلی جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کے ذریعے درآمد کی جاسکیں گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانے، مقامی پیداوار کے فروغ، اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر میں اضافے اور کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج کے نظام کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
عمان کے ساتھ توانائی تعاون
ای سی سی نے پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان پہلے سے طے شدہ بین الحکومتی معاہدے کی روشنی میں سیل پرچیز ایگریمنٹ کی بھی منظوری دی ہے،معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوگی۔
روزویلٹ ہوٹل کیلئے کمیٹی قائم
ای سی سی نے روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے معاملے پر بھی اہم فیصلہ کیا۔ دفاع ڈویژن کی سمری پر ہوٹل سے متعلق یونین کے ساتھ رابطہ کرکے تصفیے کے لیے مذاکرات کرنے والی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔
پی آئی اے کے لیے 153.8 ملین ڈالر کی حکومتی ضمانت
ڈیفنس ڈویژن کی ایک اور سمری پر ای سی سی نے پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے شدہ ٹرم شیٹ کی بنیاد پر 153.855 ملین امریکی ڈالر کی حکومتی ضمانت بھی منظور کرلی۔
کے فور منصوبے کے لیے 7.79 ارب روپے
کراچی کے پانی کی ضروریات سے متعلق گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور) کے لیے ای سی سی نے 7 ارب 79 کروڑ 71 لاکھ 60 ہزار روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی،یہ رقم حکومت سندھ کی جانب سے صوبائی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے ذریعے منتقل کی گئی ہے۔
ریکوڈک کی سکیورٹی کے لیے اضافی فنڈز
ای سی سی نے فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) کے لیے بھی 56 کروڑ 70 لاکھ 32 ہزار روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی۔ یہ رقم ریکوڈک منصوبے سے متعلق سرگرمیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملکی غذائی، توانائی، انفرااسٹرکچر اور اہم قومی منصوبوں سے متعلق متعدد تجاویز کی منظوری دی گئی۔