پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر اسمبلی کے نئے اسپیکر ہوں گے، جبکہ آئندہ صدارتی انتخابات تک وہ آزاد کشمیر کے صدر کے اختیارات بھی بطور نگراں سنبھالیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے صدارتی امور آئندہ صدر کے انتخاب تک چوہدری طارق فاروق انجام دیں گے۔ ان کی بطور اسپیکر نامزدگی کی منظوری خود مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے دی ہے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب 46 ارکان نے اجلاس کے دوران حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کے ساتھ نئی اسمبلی نے اپنی آئینی اور پارلیمانی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
اس سے قبل آزاد کشمیر اسمبلی کی آٹھ مخصوص نشستوں میں سے سات پر پولنگ ہوئی، جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔
نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی ٹیکنوکریٹ نشست پر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیر مظہر سعید نے علما و مشائخ کی نشست حاصل کی۔
خواتین کے لیے مخصوص پانچ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی سہریش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس کامیاب ہوئیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید نے بھی مخصوص نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
زوبیہ خورشید اور مسلم لیگ (ن) کی امیدوار رفعت عابد کے درمیان ووٹ برابر ہوگئے، جس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے زوبیہ خورشید کو کامیاب قرار دیا گیا۔
دریں اثنا اوورسیز کشمیریوں کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث انہیں پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قرار دیا جاچکا تھا۔
یوں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے تمام 8 ارکان نے بھی اسمبلی اجلاس میں حلف اٹھا لیا۔