وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صحت مند ہونے پر کسی نے شکر ادا نہیں کیا بلکہ پارٹی رہنما افسردہ اور غصے میں دکھائی دے رہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت سے بدلہ لینا ہے، جبکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ علاج بیمار شخص کا ہوتا ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص بیمار نہ ہو اور اپنی مرضی کے ہسپتال میں علاج کرانے پر اصرار کرے تو اس کے پیچھے کسی اور مقصد کا امکان ہوسکتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیماری کو بنیاد بنا کر این آر او لینے کی کوشش کی جاسکتی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل نہیں دی جارہی۔
ڈیل اور ڈھیل کی تردید
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ عمران خان کے معاملے میں نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ڈھیل یہ محض ایسی کہانیاں ہیں جو پی ٹی آئی کی جانب سے بیان کی جارہی ہیں۔
فضل الرحمان سے متعلق بیان
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے طلال چوہدری نے کہا کہ وہ اپوزیشن اسپیشلسٹ اور ایک سینئر سیاستدان ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر مولانا اپوزیشن کو حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے کا طریقہ سکھائیں تو یہ اچھی بات ہے۔
ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کا کردار
امریکا ایران جنگ بندی سے متعلق طلال چوہدری نے کہا کہ اس معاملے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور دنیا نے پاکستانی کوششوں کو تسلیم کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سفارت کاری عروج پر ہے اور قیام پاکستان سے اب تک سفارتی محاذ پر ملک کو ایسی کامیابی کم ہی دیکھنے میں آئی ہے۔
طلال چوہدری نے اس کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کا حالیہ دورہ ایران کامیاب رہا ہے اور اس کے مثبت نتائج پوری دنیا کے لیے ریلیف کا باعث بنیں گے۔