عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ،حکومتی نظرثانی درخواست مقررہ باری پر ہی سنی جائے گی

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ،حکومتی نظرثانی درخواست مقررہ باری پر ہی سنی جائے گی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق کیس میں حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست فوری سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوگی اور کیس فکسیشن پالیسی کے تحت اپنی باری آنے پر ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے حکومتی درخواست پر نمبر لگا کر اسے مقررہ ترتیب کے مطابق سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

حکومت کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست پر بھی رجسٹرار آفس نے نوٹ کیا ہے کہ نظرثانی درخواست کو اپنی باری پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

توہین عدالت کی درخواست بھی ساتھ لگے گی

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست بھی اسی مرکزی مقدمے کی سماعت کے موقع پر مقرر کی جائے گی ،پی ٹی آئی نے عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

بنچ دستیاب نہیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ کیس کی سماعت کرنے والا بنچ بھی موسم گرما کی تعطیلات کے دوران دستیاب نہیں یہی وجہ ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت تعطیلات کے بعد مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان نے علیمہ خان سے متعلق کیا کہا؟شیر افضل مروت کا بڑا انکشاف

16 ستمبر کو سماعت متوقع

سپریم کورٹ کے ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق مرکزی کیس 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، جس کے موقع پر متعلقہ درخواستوں پر بھی کارروائی متوقع ہے۔

فیصلہ کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

حکومت نے اپنی نظرثانی درخواست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے، جبکہ تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

editor

Related Articles