ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دے دی، جس کے مطابق بینک نے رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 8.26 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع اور 5.78 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔
بینک کے مطابق گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں قبل از ٹیکس منافع میں 2.27 گنا اضافہ ہوا، جبکہ اس عرصے کے دوران فی شیئر آمدن 9.61 روپے رہی۔
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے مالی کارکردگی میں بہتری کی بنیادی وجوہات میں بنیادی کاروباری شعبوں میں مسلسل ترقی، صارفین کی تعداد اور لین دین کے حجم میں اضافہ، جبکہ افرادی قوت، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت میں مسلسل سرمایہ کاری کو قرار دیا ہے۔
بینک کی مجموعی آمدن میں سالانہ بنیادوں پر 30.50 فیصد اضافہ ہوا، جو قرضہ جاتی اور فیس پر مبنی آمدن میں مضبوط پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
خالص مارک اپ آمدن میں 32 فیصد سے زائد اضافہ
رپورٹ کے مطابق بینک کی خالص مارک اپ آمدن میں 32.46 فیصد اضافہ ہوا۔ اس نمو میں قرضہ جات کے پورٹ فولیو اور ٹریژری سرمایہ کاری میں توسیع کے ساتھ صارفین کے ڈپازٹس میں نمایاں اضافے نے اہم کردار ادا کیا۔
اسی طرح فیس پر مبنی آمدن میں بھی 28.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ ادائیگیوں کی خدمات، کلیکشنز، ڈسبرسمنٹس اور انشورنس مصنوعات سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافہ ہے۔
بینک کے آپریٹنگ اخراجات بڑھ کر 21.08 ارب روپے ہوگئے، جس کی وجہ صارفین کے حصول کی مہمات، مرچنٹ ایکو سسٹم کی توسیع اور ڈیجیٹل قرضہ جات کے حجم میں اضافے سمیت مختلف اسٹریٹجک اقدامات میں سرمایہ کاری بتائی گئی ہے۔
30 جون 2026 تک ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے مجموعی اثاثوں کا حجم 232.58 ارب روپے رہا۔ صارفین کے ڈپازٹس میں سالانہ بنیادوں پر 67.37 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 158.58 ارب روپے ہوگئے۔
بینک نے ڈپازٹس کا مضبوط مکس برقرار رکھا، جس میں CASA تناسب 97.46 فیصد جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ کا تناسب 79.95 فیصد رہا۔
بینک کے مجموعی قرضہ جات 31.11 ارب روپے تک پہنچ گئے، جس کے نتیجے میں ایڈوانسز ٹو ڈپازٹس ریشو 18.63 فیصد رہا۔
اثاثوں کا معیار اور سرمایہ جاتی پوزیشن مستحکم
بینک کے مطابق اثاثوں کا معیار بھی مستحکم رہا۔ 90 دن سے زائد واجب الادا نان پرفارمنگ قرضہ جات کا تناسب 3.10 فیصد جبکہ ان کی کوریج کا تناسب 159.63 فیصد رہا۔
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے 23.75 فیصد کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو کے ساتھ اپنی مضبوط سرمایہ جاتی پوزیشن بھی برقرار رکھی، جو ریگولیٹری تقاضے سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
مضبوط مالیاتی پروفائل، مستحکم اثاثہ جاتی معیار اور مضبوط کیپیٹلائزیشن کے اعتراف میں PACRA نے یکم جولائی 2026 کو بینک کی لانگ ٹرم اینٹیٹی ریٹنگ کو اپ گریڈ کرکے -AA کردیا، جبکہ شارٹ ٹرم ریٹنگ A1 برقرار رکھی۔