پاکستانی گھریلو ملازمین کے لیے سعودی عرب سے خصوصی معاہدہ،اہم پیش رفت شروع

پاکستانی گھریلو ملازمین کے لیے سعودی عرب سے خصوصی معاہدہ،اہم پیش رفت شروع

پاکستان اور سعودی عرب نے پاکستانی گھریلو ملازمین کی سعودی عرب میں بھرتی اور روزگار کے عمل کو مزید منظم بنانے کے لیے خصوصی معاہدے کی جانب پیش رفت شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی نقل و حرکت، ملازمین کے تحفظ اور روزگار کے مواقع سے متعلق تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

سعودی عرب بیرون ملک پاکستانی افرادی قوت کے لیے سب سے بڑا روزگار کا مرکز ہے اور پاکستان کو ترسیلات زر فراہم کرنے والے اہم ممالک میں بھی شامل ہے،حکام کے مطابق معاہدے کے معاملے پر پیش رفت جنیوا میں ہونے والی عالمی لیبر کانفرنس کے موقع پر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد ہوئی۔

وزیر اور سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نے سعودی وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب بھیجنے اور دونوں ممالک کے درمیان لیبر تعاون کو مزید بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان،سعودی عرب اور ترکیہ کا تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ،امن،سلامتی اور استقامت کے نئے عزم کا آغاز

ملاقاتوں کے دوران سعودی حکام کی جانب سے گھریلو ملازمین کی بھرتی کے لیے مخصوص معاہدہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی،مجوزہ معاہدے کے تحت پاکستانی ڈومیسٹک ورکرز کی بھرتی کے لیے زیادہ شفاف اور منظم طریقہ کار وضع کیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون بھی مضبوط بنایا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس فریم ورک سے پاکستانی گھریلو ملازمین کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور محفوظ، منظم اور قانونی طریقے سے سعودی عرب منتقلی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

مجوزہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 2021 میں طے پانے والے جنرل ایگریمنٹ آن دی ریکروٹمنٹ آف ورکرز کی بنیاد پر تیار کیا جا رہا ہے، تاہم نیا معاہدہ خصوصی طور پر گھریلو ملازمین سے متعلق ہوگا اور اس شعبے کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھے گا۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نے وفاقی کابینہ سے رولز آف بزنس 1973 کے متعلقہ ضوابط کے تحت معاہدے پر دستخط کی اجازت طلب کرلی ہے،مجوزہ معاہدے پر آئندہ اعلیٰ سطحی سعودی دورہ پاکستان کے دوران مناسب موقع پر دستخط متوقع ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری افرادی قوت کے تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دے گا اور سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی گھریلو ملازمین کے حقوق، عزت اور فلاح کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔

editor

Related Articles