ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس کی نیویارک میں تقریب، زہران ممدانی کی سخت مخالفت

ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس کی نیویارک میں تقریب، زہران ممدانی کی سخت مخالفت

نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے بھارتی ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کی نیویارک میں ہونے والی تقریب کی مخالفت کردی۔

امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق موہن بھاگوت 29 اگست کو مین ہٹن میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔ منتظمین نے اس اجتماع کو ’یونیورسل اونیس سیلیبریشن‘کا نام دیا ہے، جس میں ہندو امریکی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

زہران ممدانی سے جب تقریب کی منسوخی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس اجتماع کی حمایت نہیں کرتے، تاہم انہیں یقین نہیں کہ شہر کی انتظامیہ کے پاس کسی نجی تقریب کو منسوخ کرنے کا قانونی اختیار موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:1960 کی تحقیق میں 2026 کی حیران کن تاریخ، کیا واقعی دنیا تباہ ہونے والی ہے

ممدانی نے اپنے خاندانی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت ایک کثیرالمذاہب اور سیکولر معاشرے کے طور پر سمجھایا گیا تھا، جہاں ہر شہری کو برابری کا حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق بھارت میں ایک ایسی تحریک کا بڑھنا تشویش کا باعث ہے جو معاشرے کو ایک محدود مذہبی تصور کے تحت دیکھتی ہے۔

آر ایس ایس بھارت کی ایک بااثر ہندو تنظیم ہے جس کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے نظریاتی روابط ہیں۔ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی اس وقت بھارت کی حکمران جماعت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیپال میں تباہی کے بعد دنیا کے لیے ایک اور بڑے خطرے کا خدشہ

موہن بھاگوت کی نیویارک آمد پر بعض مقامی تنظیموں اور انسانی حقوق کے حلقوں نے بھی اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ناقدین نے آر ایس ایس پر اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور تشدد سے متعلق الزامات کا حوالہ دیا ہے، تاہم آر ایس ایس ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ وہ ہندوؤں کو متحد کرنے اور بھارت کی ترقی کے لیے کام کرنے والی ایک ثقافتی اور تہذیبی تحریک ہے۔

دوسری جانب تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اجتماع کا مقصد ہندو امریکی برادری کے مشترکہ ورثے اور مختلف مذاہب کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ موہن بھاگوت کی تقریب پر پیدا ہونے والا تنازع ایک بار پھر بھارت میں مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق اور آر ایس ایس کے کردار سے متعلق جاری بحث کو نمایاں کر رہا ہے۔

editor

Related Articles