محمد آصف کو دیکھتے ہی باب وولمر نے کیا پیش گوئی کی تھی؟ رمیز راجا نے بتادیا

محمد آصف کو دیکھتے ہی باب وولمر نے کیا پیش گوئی کی تھی؟ رمیز راجا نے بتادیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ آنجہانی باب وولمر نے فاسٹ بولر محمد آصف کے مستقبل سے متعلق برسوں پہلے کی گئی ایک پیش گوئی درست ثابت ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کمنٹری کے دوران سابق اوپنر اور سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے محمد آصف سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔

رمیز راجا کے مطابق جب انہوں نے پہلی بار محمد آصف کو دیکھا تو وہ اس وقت باب وولمر کے ہمراہ تھے، جبکہ آصف ابھی پاکستان کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیلے تھے۔ رمیز راجا کا کہنا تھا کہ باب وولمر نے ان کا تعارف محمد آصف سے کراتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں ایک عظیم بولر بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ پھر ناکام، انگلینڈ کیخلاف 110 رنز پر آل آؤٹ

سابق کپتان کے مطابق انہوں نے باب وولمر سے سب سے پہلے محمد آصف کی رفتار کے بارے میں سوال کیا، جس پر وولمر نے بتایا کہ اس وقت آصف تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں۔

رمیز راجا نے کہا کہ یہ سن کر انہیں حیرت ہوئی کیونکہ پاکستان کو ہمیشہ تیز رفتار بولرز کی سرزمین سمجھا جاتا رہا ہے اور وہ 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو دیکھنے کے عادی تھے۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کے دوران عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر، پی سی بی کا احتجاج

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس وقت سوچا کہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار رکھنے والا بولر فاسٹ بولر کیسے بن سکتا ہے، تاہم وقت کے ساتھ محمد آصف نے اپنی شاندار لائن، لینتھ اور سوئنگ سے ثابت کردیا کہ صرف رفتار ہی ایک کامیاب فاسٹ بولر کی پہچان نہیں ہوتی۔

رمیز راجا کے مطابق محمد آصف نے اپنی درست لائن و لینتھ اور بیٹرز کو پریشان کرنے کی صلاحیت کے باعث دنیا کے بہترین بولرز میں اپنی جگہ بنائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستانی بولرز کا انداز زیادہ جارحانہ ہوا کرتا تھا اور بیٹرز کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر مسلسل دباؤ میں رکھا جاتا تھا۔

editor

Related Articles