لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران سابق وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ، پی سی بی، نے احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو نشر کیے جانے پر اسکائی اسپورٹس کے خلاف انگلش کرکٹ بورڈ کو باضابطہ شکایت بھیج دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے نشریات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں اتارنے میں تاخیر کے آپشن پر بھی غور کیا، تاہم کچھ دیر بعد پاکستانی ٹیم دوبارہ میدان میں آ گئی۔
یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے موجودہ براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا، جس میں عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے اپنے والد کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھیلوں کی نشریات کے دوران اس نوعیت کے سیاسی اور ذاتی نوعیت کے مواد کو شامل کرنا مناسب نہیں تھا۔